تعارف وتبصرہ

 

 

نام کتاب             :         تاریخ سیدنا حضرت حسین علمائے حق کی نظر میں

    تالیف              :         حضرت مولانا سید حسن صاحب

                                 سابق استاذ حدیث و تفسیر دارالعلوم دیوبند

    صفحات               :         ۱۷۶     قیمت: در ج نہیں

    ناشر               :         مکتبہ تفسیر القرآن، جامع مسجد دیوبند

    ملنے کا پتہ              :         واصف کمپیوٹر سینٹر، نزد چھتہ مسجد، دیوبند

                                  Mob. 9358163014

    تبصرہ نگار              :         اشتیاق احمد قاسمی، مدرس دارالعلوم دیوبند

========================

ہر مسلمان اللہ تعالیٰ ورسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان رکھتا ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کا تقاضا ہے کہ آپ کے اہلِ بیت سے محبت ہو، نواسہٴ رسول سے کس کو محبت نہیں؟ اگر نہیں، تو وہ صاحبِ ایمان نہیں، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے: حُسَیْنُ مِنّی وأنا مِنَ الحسین، أحَبَّ اللّٰہُ مَنْ أحَبَّ حُسَیْنًا (ترمذی) ترجمہ: حسین مجھ (میری نسل) سے ہیں اور میں حسین سے خصوصی تعلق رکھتا ہوں، اللہ تعالیٰ اس بندے سے محبت فرمائیں جو حسین سے محبت رکھتا ہو! احادیث وآثار میں حضرت حسین کے فضائل بے شمار ہیں، امت کا ایک طبقہ (شیعہ) محبت میں حدِ اعتدال کو چھوڑے ہوئے ہے، اسی وجہ سے کتابوں میں بہت سی رطب ویابس باتیں در آئی ہیں، ہر محقق اور اعتدال پسند طالب علم کو ایک کتاب کی ضرورت تھی جس میں نہایت ہی اعتدال کے ساتھ حضرت حسین کے فضائل اور آپ کے کارنامے بیان ہوں۔ ماشاء اللہ آج سے پچپن سال پہلے ہی یہ ضرورت حضرت مولانا سید حسن صاحب رحمة اللہ علیہ نے پوری فرمادی اور موصوف نے مذکورہ بالا کتاب تصنیف فرمائی، اور دیوبندیت کے عظیم ترین مسلّم شخصیات کی خدمت میں پیش فرمایا، میری مراد حضرت حکیم الاسلام قاری محمد طیب صاحب مہتمم دارالعلوم دیوبند اور جامع العقول والمنقول شخصیت حضرت مولانا محمد ابراہیم بلیاوی صدر المدرسین دارالعلوم دیوبند ہیں، دونوں بزرگوں نے کتاب کے اندر ذکر کردہ مواد کو ملاحظہ فرمایا اور اپنی مجلس میں سنا اور نہایت ہی وقیع تقریظات تحریر فرمائیں۔

حضرت موٴلف نے تاریخ کو چار ادوار میں تقسیم کیا ہے، پہلا  دور حضرت حسین کی ولادت سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی رحلت تک ہے؛ دوسرا دور حضرت علی کی حیات میں جو کارہائے نمایاں انجام دیے ہیں ان پر مشتمل ہے؛ تیسرا دور حضرت حسن کی وفات تک کے واقعات کو شامل ہے، اور چوتھا دور واقعہٴ کربلا اور شہادت پر مشتمل ہے۔ موصوف نے اسلامی کتب میں سے سولہ قابلِ اعتبار واطمینان کتابوں سے یہ مواد جمع فرمایا ہے، ان میں قرآن وسنت کے علاوہ فقہ وعقائد اور تاریخِ اسلام کی معروف مستند کتابیں شامل ہیں۔

حضرت موٴلف رحمة اللہ علیہ کے فرزندِ ارجمند جناب مولانا خورشید حسن صاحب زیدمجدہ نے اس کا نیا ایڈیشن قارئین کی خدمت میں پیش فرمایا ہے، کتاب اپنی ظاہری ومعنوی خوبیوں سے آراستہ ہے؛ امید ہے کہ یہ ایڈیشن سابقہ ایڈیشنوں سے زیادہ قبولیت کا شرف حاصل کرے گا۔

$ $ $

 

-------------------------------------

ماہنامہ دارالعلوم ‏، شمارہ 2، جلد: 99 ‏، ربیع الثانی1436 ہجری مطابق فروری 2015ء